نئی دہلی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) خلیج بنگال کے مغربی حصے میں اڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحل کے قریب ایک پریشر زون (دباؤ کا علاقہ)بن گیا ہے ، جس کی وجہ سے اگلے 48 گھنٹوں تک ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح دباؤ کا علاقہ اوڈیشہ کے بالاسور سے 160 کلومیٹر جنوب مشرق اور مغربی بنگال میں دیگھا سے 130 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔ اگلے 24 گھنٹوں میں اس کے گہرے پریشر والے زون میں تبدیل ہوجانے کا اندیشہ ہے ۔ اگلے 48 گھنٹے میں ، یہ اڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھنے کا اندیشہ ہے ۔اس سے چھتیس گڑھ کے جنوبی حصے جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے گنگا کے دوآبہ والے خطے میں 6 اور 7 اگست کو درمیانی اور تیز بارش کی توقع ہے ۔ مدھیہ پردیش میں 7 اور 8 اگست کو ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔محکمہ نے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں اڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحل کے قریب سمندر میں نہ جائیں ۔