خلیج میں ہندوستانی ورکرس کی تنخواہوں میں کٹوتی افسوسناک : کے ٹی آر

   


وزیر خارجہ شیو شنکر سے مداخلت کی اپیل، تلنگانہ ورکرس کا تذکرہ
حیدرآباد۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے بیرونی ممالک میں کام کرنے والے ہندوستانی ورکرس کی تنخواہوں میں کٹوتی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر خارجہ اور وزارت خارجہ کی توجہ مبذول کرائی۔ کے ٹی آر نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے اس سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کی اور کہا کہ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے تلنگانہ کے لاکھوں مائیگرنٹ ورکرس تنخواہوں میں کٹوتی سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کے ٹی آر نے اس سلسلہ میں ٹوئیٹ کیا اور کہا کہ بیرونی ممالک میں ورکرس کی تنخواہوں میں 30 تا50 فیصد کی کٹوتی کی گئی ہے۔ انہوں نے وزیر خارجہ سے اقل ترین تنخواہوں کی بحالی کیلئے مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے لاکھوں ورکرس اور ان کے افراد خاندان کوویڈ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پہلے ہی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مکمل تنخواہوں کی بحالی کے اقدامات کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتی سے متعلق حالیہ سرکولر سے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے لاکھوں مائیگرنٹ ورکرس متاثر ہوں گے ۔ کے ٹی آر نے وزیر خارجہ سے مائیگرنٹ ورکرس کے مفادات کے تحفظ کے سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کی۔