خلیجی ریاستیں حماس کی فنڈنگ ختم کرنے میں مدد کریں:امریکہ

   

واشنگٹن : دہشت گردوں کی فنڈنگ کی بیخ کنی سے متعلق امریکی ادارے، ’ٹی ایف ٹی سی‘ نے اس ہفتے ایک ہنگامی اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سات اکتوبر کو اسرائیلی شہریوں پر ایک بڑا حملہ کرنے والے گروپ حماس کی بیرونی فنڈنگ منقطع کرنے کی کوششوں میں اضافہ کریں۔امریکی محکمہ خزانہ نے ٹی ایف ٹی سی کے رکن ملکوں پر زور دیا کہ وہ حماس کی فنڈنگ کا سلسلہ منقطع کرنے کے مزید اقدامات کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ اس ہفتے کا اجلاس ابتدائی طور پر نومبر میں شیڈول کیا گیا تھا لیکن اسے اسرائیل غزہ بحران کے نتیجے میں مقررہ وقت سے پہلے منعقد کر لیا گیا۔امریکہ کا ٹی ایف ٹی سی سنٹر 2017 میں قائم ہوا تھا۔ ریاض میں قائم یہ سنٹر بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکہ پر مشتمل ہے۔ اسکیرکن ملکوں کی حکومتوں کے عہدے دار اکٹھے ہو کر ان طریقوں پر گفتگو کرتے ہیں جن کی مدد سے وہ دہشت گرد تنظیموں کی فنڈنگ میں کمی اور عمومی طور پر منی لانڈرنگ کے سد باب کیلیے مل کر کام کرسکیں۔امریکہ نے 1997 سے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہوا ہے۔۔ امریکی محکمہ خزانہ میں دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس کے انڈر سیکرٹری برائن نیلسن نے گروپ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ،‘‘ ہمارے نقطہ نظر سے، حماس ا ور اس کی دہشت گردی کے خلاف کچھ نہ کرنا فلسطینیوں کی حق تلفی ہے ۔