جنگی حالات سے کئی پروازیں منسوخ ، فوری طور پر بحالی کا امکان نہیں
حیدرآباد۔3۔مارچ۔(سیاست نیوز) خلیجی ممالک میں مقیم حیدرآبادی جو عام طور پر عید الفطر کے موقع پر اپنے ملک آیا کرتے تھے وہ شائد اس مرتبہ عید الفطر اپنے گھر میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ نہیں منا پائیں گے کیونکہ ایران۔ اسرائیل و امریکہ کے درمیان جاری جنگی حالات کے نتیجہ میں اپنی ملازمتوں کوچھوڑ کرآنے کے لئے وہ آمادہ نہیں ہیں علاوہ ازیں اچانک پیدا ہونے والی اس صورتحال کے نتیجہ میں فضائی سفر منسو خ ہونے کے نتیجہ میں صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ خلیجی ممالک اور حیدرآباد کے درمیان چلائی جانے والی 44 پروازیں محض ایک دن یعنی 3مارچ کو منسوخ ہوئی ہیں ۔ بتایاجاتاہے کہ حیدرآباد سے خلیجی ممالک کے مختلف ممالک کے لئے روانہ ہونے والی 22 پروازوں کی روانگی کو منسوخ کرنے کے علاوہ ان مقامات سے آنے والی 22پروازوں نے اپنا سفر منسوخ کیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل سیول ایویشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خطہ میں مکمل امن تک پروازوں کے معمول کے مطابق جاری رہنے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مختلف عرب شہروں کے لئے آمد ورفت کی 44 پروازوں کو آج منسوخ کئے جانے کے بعد فضائی ماہرین کا کہناہے کہ صورتحال جب تک معمول پر نہیں آتی اس وقت تک فضائی سفر بحال ہونے کے امکانات موہوم ہیں علاوہ ازیں جب فضائی سفر بحال ہوجائیں گے تو اس کے فوری بعد کئی ماہ تک فضائی کرایوں میں کمی کے امکانات بھی موہوم رہیں گے۔حیدرآباد سے منسوخ کی جانے والی پروازوں میں انڈیگو‘ ائیر انڈیا‘ قطر ائیر لائنس ‘ ایمیریٹس کے علاوہ دیگر ائیر لائنس کی پروازیں شامل ہیں جو کہ خطہ میں جاری تشویشناک صورتحال کے سبب اپنی پروازوں کو منسوخ کرنے پر مجبور ہیں۔شمس آباد ائیر پورٹ کے حکام نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد سے بھی فضائی مسافرین کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جارہاہے کہ مسافرین کی تعداد بحال ہونے کے لئے بھی وقت درکار ہوگا۔3