ریاستی حکومت نے 15 اضلاع کیلئے 6.45 کروڑ جاری کئے
حیدرآباد ۔25۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے خلیجی ممالک میں فوت ہونے والے تلنگانہ ورکرس کے پسماندگان کو پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی ادائیگی کے فیصلہ کے تحت 6.45 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ 15 اضلاع کیلئے یہ رقم جاری کی گئی اور ضلع کلکٹرس کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ایکس گریشیا کیلئے داخل کی گئی درخواستوں کی جانچ کرکے ایکس گریشیا منظور کریں۔ حکومت سے طئے شرائط کے تحت متاثرہ خاندانوں کو ایکس گریشیا منظور کیا جائے گا ۔ نظام آباد ضلع کیلئے 1.75 کروڑ کی منظوری دی گئی جبکہ جگتیال کیلئے 1.40 کروڑ منظور کئے گئے ۔ دیگر اضلاع میں سرسلہ 60 لاکھ ، نرمل 50 لاکھ ، کاما ریڈی 20 لاکھ ، کریم نگر 20 لاکھ ، منچریال 20 لاکھ ، عادل آباد 20 لاکھ ، ہنمکنڈہ 20 لاکھ ، پدا پلی 20 لاکھ ، کتہ گوڑم 20 لاکھ ، میدک 20 لاکھ ، سدی پیٹ 20 ، سنگا ریڈی 20 لاکھ اور حیدرآباد کیلئے 20 لاکھ کی منظوری دی گئی ۔ 7 ڈسمبر 2023 سے آج تک خلیجی ممالک میں تلنگانہ کے 160 ورکرس کی موت واقع ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی این آر آئی سیل کے صدرنشین ڈاکٹر بی ایم ونود کمار اور کنوینر ایم بھیم ریڈی نے ایکس گریشیا کی اجرائی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی ، صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزیر پونم پربھاکر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی خلیجی ممالک میں فوت ورکرس کے پسماندگان کو ایکس گریشیا منظور کیا جائے گا ۔ 1