10 کروڑ 60 لاکھ روپئے کی اجرائی ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے جی او این آر آئی سیل کے حوالے کیا
حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) خلیجی ممالک میں فوت ہونے والے تلنگانہ ورکرس کے افراد خاندان کو 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کی ادائیگی کے فیصلہ کے بعد حکومت نے اس مقصد کیلئے 10 کروڑ 60 لاکھ روپئے مختص کئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے پردیش کانگریس کمیٹی این آر آئی سیل کے قائدین بی ایم ونود کمار، ایم بھیم ریڈی اور سرینواس راؤ کو10 کروڑ 60 لاکھ روپئے مختص کرنے سے متعلق جی او کی کاپی حوالہ کی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کے ذریعہ ایکس گریشیا کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ پربھاکر نے کہا کہ خلیجی ممالک میں ملازمت سے محروم اور دیگر مسائل کے سبب کئی تلنگانہ ورکرس کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے حکومت نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ ڈاکٹر بی ایم ونود کمار نے حکومت کے فیصلہ کی ستائش کی اور کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خلیجی ممالک کے ورکرس سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ 7 ڈسمبر 2023 کے بعد فوت ہونے والے گلف ورکرس کے پسماندگان کو ضلع کلکٹرس کی جانب سے 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت کے بارے میں خلیجی ممالک میں فوت ہونے والے افراد کے خاندان والوں کو واقف کرائیں۔1