اسلام آباد :بیرون ملک ملازمت پاکستان کے ہر دوسرے نوجوان کا خواب ہے جس کی بنیادی وجہ پاکستان میں ملازمتوں کے کم مواقع اور کم آمدن ہے جبکہ بیرون ملک ملازمت کی وجہ سے نہ صرف بہتر آمدن میسر آتی ہے بلکہ لوگوں کا معیار زندگی بھی بہتر ہوتا ہے۔گذشتہ ڈھائی برس میں پاکستان سے 22 لاکھ پاکستانیوں نے بیرون ملک ملازمتیں حاصل کی ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے بیورو آف امیگریشن سے پروٹیکٹوریٹ لگوایا۔ غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مطابق بیرون ملک جانے والے 65 فیصد پاکستانی اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے بیرون ملک جاتے ہیں لیکن 35 فیصد کا پتہ ہمیں ایئرپورٹ پر ان کی آمد سے چلتا ہے جو بیرون ملک کمپنیوں میں ملازمت حاصل کرتے ہوئے خود ہی ویزا لگوا لیتے ہیں۔اعداد شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں بیرون ملک جانے والوں کی تعداد چار لاکھ کے قریب ہے جبکہ گذشتہ سال آٹھ لاکھ 62 ہزار پاکستانی بیرون ملک گئے تھے۔ سال 2022 میں یہ تعداد آٹھ لاکھ 60 ہزار تھی۔