حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خواتین تحفظات بل پر عمل آوری میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنیتا راؤ نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں خواتین کی تائید حاصل کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں تحفظات بل پیش کرنے کا ڈرامہ کیا گیا۔ حکومت کو بل کی منظوری اور عمل آوری میں دلچسپی نہیں ہے اسی لئے فوری نفاذ کے بجائے مردم شماری اور حلقہ جات کی حد بندی کا بہانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خواتین نریندر مودی کو معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی ڈبل انجن سرکار نے ملک میں خواتین کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ منی پور میں خواتین پر کھلے عام مظالم کئے گئے۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ ملک میں مردم شماری کی تکمیل کے بغیر ہی خواتین تحفظات بل پیش کرنا مودی حکومت کی عدم دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر مودی حکومت تحفظات میں سنجیدہ ہے تو اسے لوک سبھا انتخابات میں نافذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ جات کی از سر نو درجہ بندی کے ذریعہ نشستوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے یو پی اے حکومت کے دوران خواتین تحفظات بل پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی خواتین کو خصوصی تحفظات دیئے جائیں۔ انہوں نے حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کیلئے کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔