خواتین سرمنڈوائیں گی ، اوسط عمر 100 سال ہوگی ، برق رفتار طیارے

   

سال 2023 سے متعلق سال 1923 میں کی گئیں پیش قیاسیاں
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : جب بھی نیا سال آتا ہے مختلف شعبوں کے ماہرین آنے والے دنوں ، مہینوں ، برسوں اور صدیوں کے بارے میں اور ان میں کیا ہوگا ؟ کیا تبدیلیاں رونما ہوں گی جیسے سوالات سے متعلق پیش قیاسیاں کرتے ہیں ۔ چنانچہ 1923 میں سائنسدانوں اور ماہرین سماجیات نے 2023 میں پیش قیاسیاں کی تھیں کہ دنیا کیسی ہوگی ؟ لوگوں کے رجحانات کیا ہوں گے وہ کیسے فیشن کریں گے ؟ کس طرح اپنی صحت و خوبصورتی کا خیال رکھیں گے ۔ اس ضمن میں University of Calgary کے ایک محقق اور انسٹرکٹر پال فری نے ماہرین کی جانب سے سو سال قبل 2023 کے بارے میں کی گئی مختلف پیش قیاسیوں پر مبنی اخباری تراشوں کو مرتب کیا ہے ۔ پہلی رپورٹ میں ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ ماہرین نے پیش قیاسی کی تھی کہ مرد گھنگریالے بال کا فیشن اختیار کریں گے ۔ اُڑتی کاریں منظر عام پر آئیں گی ، دستی گھڑیوں میں ٹیلی فون و متحرک تصاویر کا دور دورہ ہوگا ۔ ٹیلی پیتھنی کو فروغ حاصل ہوگا ۔ لوگ اپنی صحت پر خصوصی توجہ دیں گے اور زیادہ سے زیادہ خوبصورت نظر آنے کو ترجیح دیں گے اور لوگوں میں خوبصورتی اس قدر زیادہ ہوگی ( میک اپ وغیرہ سے ) کہ مقابلہ حسن غیر ضروری ہوجائیں گے ۔ 2023 کے بارے میں سو سال قبل جو پیش قیاسیاں کی گئیں ان میں یہ بھی ہے کہ خواتین اپنے سر منڈوائیں گی ۔ بعض سائنسدانوں نے انسانی آبادی اور عمر میں اضافہ کی پیش قیاسی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 2023 میں انسان کی اوسط عمر 100 سال تک پہنچ سکتی ہے ۔ 150 اور 200 سال تک بھی انسان زندہ رہ سکتے ہیں ۔ ایک سائنسدان نے یہ کہہ کر حد کردی کہ انسان کی عمر 300 سال ہوسکتی ہے ۔ ممتاز ریاضی داں اور الیکٹریکل انجینئر چارلس اسٹپن میٹنر نے پیش قیاسی کی کہ اوقات کار کم سے کم ہوں گے جو چار گھنٹوں سے کم ہوں گے ۔ امریکی آبادی کے بارے میں اس وقت یہ پیش قیاسی کی گئی تھی کہ امریکی آبادی 300 ملین نفوذ پر مشتمل ہوگی جب کہ فی الوقت امریکی آبادی 336 ملین 83 ہزار 877 تک پہنچ گئی ہے ۔ اس کے علاوہ برق رفتار طیاروں کی پیش قیاسی کی گئی تھی ۔۔