خواتین نے بی جے پی لیڈر کے ہاتھ پیر باندھے، کیچڑ اور گندے پانی سے نہلایا، ویڈیو وائرل

   

مہرائج گنج: 2 ۔ جولائی ( ایجنسیز ) ۔اتر پردیش کے ضلع مہرائج گنج میں ایک انوکھا اور حیران کن منظر اس وقت سامنے آیا جب نوٹنوا کے سابق چیرمین اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قائد گڈو خان کو مقامی خواتین نے کیچڑ اور گندے پانی سے نہلا دیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ کسی غصے یا احتجاج کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک قدیم روایت کے تحت کیا گیا۔ ویڈیو کی شکل میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بی جے پی لیڈر گڈو خان ایک کرسی پر خاموشی سے بیٹھے ہیں، جبکہ خواتین ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر انہیں زمین پر گرا دیتی ہیں اور پھر کیچڑ اور گندے پانی سے نہلاتی ہیں۔ اس دوران وہ بالکل خاموش اور مسکراتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ واقعہ کے پیچھے کی وجہ بھی دلچسپ ہے۔مقامی روایت کے مطابق، اگر علاقہ میں بارش نہ ہو رہی ہو تو گاؤں یا شہر کے کسی معزز شخصیت کو کیچڑ اور پانی سے نہلایا جاتا ہے تاکہ بارش کے دیوتا‘اندر دیو’خوش ہوں اور برسات ہو۔ یہی رسم نبھاتے ہوئے نوٹنوا کی خواتین بی جے پی لیڈر کے گھر پہنچیں اور انہیں رسم کے مطابق نہلایا۔ مہرائج گنج ضلع میں گزشتہ کئی دنوں سے بارش نہ ہونے کے باعث سخت گرمی نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ ایک طرف ملک کے کئی حصے سیلاب سے دوچار ہیں، تو دوسری طرف یہاں کے لوگ بارش کی کمی سے نڈھال ہیں۔ اس صورتحال میں نوٹنوا کی خواتین نے روایتی کجری گیت گاتے ہوئے سابق چیرمین کے گھر کا رخ کیا اور پرانی روایت کو دوہرایا۔مقامی خواتین کا کہنا ہے کہ یہ رسم صدیوں پرانی ہے اور جب بھی علاقہ میں بارش نہیں ہوتی، تو مقامی عزت دار شخص کو کیچڑ میں نہلا کر اندر دیو کو خوش کیا جاتا ہے۔ انہی کے مطابق، اس رسم کے بعد اکثر بارش ہو جایا کرتی ہے۔اس دوران بی جے پی قائد گڈو خان کسی بھی قسم کی مزاحمت کیے بغیر خوش دلی سے اس رسم میں شامل ہوتے دکھائی دئے، جسے سوشل میڈیا پر عوام نے روایتی اقدار کی عزت سے تعبیر کیا ہے۔