حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ خواتین پر مظالم کے انسداد کا حل انکاؤنٹر نہیں ہے۔ انکاؤنٹر سے مسائل میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ خواتین پر مظالم میں حالیہ عرصہ میں اضافہ ہوا ہے اور صرف انکاؤنٹر کے ذریعہ ان پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں حال ہی میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی و قتل کا واقعہ پیش آیا جس کے خاطیوں کو ابھی تک سزا نہیں ملی ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ عصمت ریزی اور قتل کے واقعات کو روکنے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تلنگانہ میں ابھی تک مہیلا کمیشن قائم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے حکومت سے فوری طور پر مہیلا کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشا قتل کی طرح مستقبل میں واقعات کو روکنے کیلئے حکومت کو سخت گیر قدم اٹھانے چاہیئے۔ فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام کے ذریعہ متاثرہ خاندانوں کو جلد انصاف فراہم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ورنگل واقعہ کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور اسے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔