خواتین کرکٹر کی فیس بھی مردوں کے برابرکردی گئی

   

لندن ۔ کرکٹ کے میدانوں میں کافی دنوں سے یہ بحث چل رہی تھی خواتین کرکٹرس کو بھی مردوں کے برابر میچ فیس فراہم کی جانے چاہیے اور اب انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے خاتون کھلاڑیوں کی میچ فیس مردوں کے برابر کر دی۔اس حوالے سے ای سی بی نے کہا ہے کہ رواں برس ویمن ایشیز سیریز کی کامیابی کے بعد میچ فیس برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گرمیوں کے سیزن میں ویمن ایشیز دیکھنے کے لیے 1 لاکھ 10 ہزار تماشائی میدان میں آئے تھے، اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی آمد کے ریکارڈز قائم ہوئے۔ ای سی بی نے مزید کہا ہے کہ انگلینڈ ویمن کے لیے میچ فیس کا فوری اطلاق ہو گا۔انگلینڈ اور سری لنکا ویمن کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے اور اس سیریز میں انگلش خواتین کو مردوں کے برابر میچ فیس ادا کی جائے گی ۔