حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے فوری بعد شروع کی گئی خواتین کے لئے مفت بس خدمات اسکیم ’ مہا لکشمی ‘ سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہاہے ۔ ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی ) کو اس اسکیم کے تحت سفر کرنے والی خواتین کے کرایہ کی ادائیگی کے طور 1740کروڑ ادا کئے جاچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی اس اسکیم سے 68.60 کروڑ خواتین نے استفادہ کیا ہے اور خواتین نے مفت بس کے سفر کے ذریعہ مجموعی طور پر 2350 کروڑ کی بچت کی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے فوری بعد شروع کی گئی اس اسکیم کے ذریعہ خواتین کو مفت بس کے سفر کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کی جو منصوبہ بندی کی ہے اس سے نہ صرف خواتین کو بچت ہونے لگی ہے بلکہ ادارہ بھی منافع بخش ادارہ میں تبدیل ہونے لگا ہے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کانگریس کے اقتدار میں آنے کے فوری بعد جن اسکیمات پر عمل آوری کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کا آغاز کیا تھا ان میں خواتین کے لئے مفت بس کے سفر کی سہولت کے علاوہ آروگیہ شری اسکیم کی حد میں اضافہ کے اقدامات شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں خواتین کے لئے مفت بس کے سفر کی سہولت کے آغاز کے متعلق شبہات کا اظہار کرنے والے عہدیداروں کی جانب سے بھی اب اس اسکیم کی ستائش کی جانے لگی ہے کیونکہ مفت بس کے سفر کی سہولت سے نہ صرف خواتین استفادہ کر رہی ہیں لکہ وہ بس کے سفر سے استفادہ کے ذریعہ طبی سہولتوں کے استعمال کے لئے دوردراز کا سفر بھی کرنے لگی ہیں۔3