عالمی یوم خواتین تقاریب، وزراء اور ارکان اسمبلی کی شرکت، نمایاںخدمات پر ایوارڈس
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر پیوپلز پلازہ نکلس روڈ پر مہیلا بندھو کی سہ روزہ تقاریب کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ عورت کا مقام و مرتبہ کافی بلند ہے کیونکہ عورت اپنی زندگی میں ماں، بیٹی، بہن اور بیوی جیسے اہم کردار ادا کرتے ہوئے قربانیوں کی تاریخ رکھتی ہے۔ رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر نے تقاریب کا اہتمام کیا تھا۔کارگذار صدر ٹی آر ایس کے ٹی آر نے ریاست بھر میں ویمنس ڈے کے موقع پر سہ روزہ تقاریب کے انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ خواتین ملازمت کے ساتھ ساتھ اپنے گھر کی ذمہ داریاں بخوبی نبھاتی ہیں۔ خواتین اپنے گھر کو جنت بنانے کی طاقت و صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہر کسی کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کی عزت و احترام کو ملحوظ رکھیں اور ان کے حقوق ادا کریں۔ دور حاضر میں ہر شعبہ حیات میں خواتین اپنی قابلیت اور صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ترقی کی منزلیں طئے کررہی ہیں۔ قیام تلنگانہ کے بعد سے کے سی آر کی قیادت میں خواتین کے حقوق اور ان کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ حکومت نے لڑکیوں کیلئے اقامتی اسکولس اور کالجس قائم کئے۔ اس کے علاوہ شادی مبارک، کے سی آر کٹ، کلیان لکشمی اسکیمات متعارف کی گئیں۔ پولیس میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے۔ گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں 50 فیصد نشستیں خواتین کیلئے مختص کی گئیں۔ میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر خواتین کو مقرر کیا گیا۔ بیواؤں اور بیڑی ورکرس کیلئے ماہانہ وظیفہ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ملک بھر میں سب سے بہتر ہے اور خواتین کے تحفظ کیلئے شی ٹیمس، بھروسہ سنٹر اور ویمنس سیفٹی ونگ قائم کیا گیا ہے۔ ڈبل بیڈ روم مکانات خواتین کے نام پر الاٹ کئے جارہے ہیں۔ر