خواتین کی حفاظت : این ڈی اے نے اگلی حکومت کیلئے نظیر قائم کی

   

وزارت بہبود خواتین و اطفال کا صنف نازک کو بااختیار بنانے کا معاہدہ: منیکا گاندھی
نئی دہلی 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر بہبود خواتین و اطفال منیکا گاندھی نے کہاکہ موجودہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس حکومت نے اگلی حکومت کے لئے کافی اعلیٰ معیار قائم کیا ہے جو اپنی پالیسیوں کے ذریعہ خواتین کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنائے گی۔ بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے منیکا نے نشاندہی کی کہ آج کی خواتین پہلے سے کہیں زیادہ واقف کار ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہاکہ موجودہ حکومت نے خواتین کی حفاظت کے لئے ایسے اقدامات کئے ہیں جو گزشتہ 70 سال میں کسی حکومت نے نہیں کئے۔ مرکزی وزیر نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے سے لے کر اُن کی بااختیاری تک حکومت نے جنس کی مساوات اور اُن کے لئے مساوی مواقع کو یقینی بنایا ہے۔ پہلے ہفتہ سے ہی بی جے پی زیرقیادت حکومت نے خواتین کے خلاف مظالم کو ہرگز برداشت نہ کرنے کی پالیسی ہم نے یہ بھی یقینی بنایا کہ این آر آئی شوہر جو اپنی بیوی کو چھوڑ دے اُنھیں سزا دی جائے۔ ہم نے 45 پاسپورٹس منسوخ کئے اور یہ تعداد ہزاروں تک جاسکتی ہے۔ یوم خواتین کے موقع پر وزارت بہبود خواتین و اطفال وزارت فروغ ہنر مندی اور چھوٹے پیمانے کی صنعت کاری نے ایک معاہدہ کیا ہے کہ خواتین کو ہنر کی تربیت دیتے ہوئے اُنھیں روزگار فراہم کیا جائے۔