نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اوربی جے پی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے کھوکھلے وعدے کرتے ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ بی جے پی کے دور حکومت میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی حکومت خواتین کے خلاف جرائم کو روکنے میں ناکام رہی ہے ۔ کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر اجے کمار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔مہاراشٹر کے شہر پنے میں ایک سرکاری بس کے اندر خاتون کی عصمت دری کا گھناؤنا واقعہ پیش آیا ہے لیکن پولیس ملزم کو پکڑنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ نے بی جے پی حکومت کے تحت خواتین کی حفاظت پر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں کیونکہ واقعہ کے دو دن گزرجانے کے بعد بھی ملزم فرار ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کا ملزم ہسٹری شیٹر ہے جس کے خلاف پہلے ہی چھ مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے ۔ واردات کے وقت ملزم ضمانت پر رہا تھا اور اس نے شہر کے مصروف ترین بس اسٹینڈ کو اپنا اڈہ بنا رکھا تھا۔کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی خواتین کے تحفظ کے بارے میں کھوکھلے دعوے کرتے نہیں تھکتے ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی کی حکومتیں خواتین کے خلاف جرائم کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہی ہیں۔کانگریس کے لیڈر نے سوال کیا کہ پولیس کو ہسٹری شیٹر کے بارے میں علم کیوں نہیں تھا؟ ملزم خود کو کنڈکٹر کہہ کر گھوم رہا تھا تو انتظامیہ کیا کر رہی تھی؟ بی جے پی حکومت میں خواتین پر ظلم ہو رہا ہے ، لیکن حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے ۔