ہر گھر میں خواتین کو امتیازی سلوک کا سامنا، گوہر اسپیس پوسٹر کی اجرائی‘ کویتا کا خطاب
نظام آباد۔ 8؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ تلنگانہ جاگروتی کے دفتر میں بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ایک تقریب منعقدہ کی گئی جہاں تلنگانہ جاگروتی صدر کے کویتا نے خواتین کے ساتھ کیک کاٹ کر یومِ خواتین منایا اور ’’گِو ہر اسپیس‘‘ کے عنوان سے ایک پوسٹر جاری کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو صرف یومِ خواتین کے دن ہی نہیں بلکہ سال کے ہر دن عزت و احترام ملنا چاہیے اور معاشرے میں ایسا ماحول پیدا کیا جانا ضروری ہے جہاں خواتین کو مکمل آزادی اور مساوی مواقع حاصل ہوں۔ کویتا نے کہا کہ بڑے یا چھوٹے گھر، بڑی یا چھوٹی ذات کی بنیاد پر نہیں بلکہ تمام خواتین ایک ہی طبقہ کی نمائندہ ہیں اور تقریباً ہر گھر میں خواتین کو کسی نہ کسی شکل میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کویتا نے کہا کہ سماجی تلنگانہ کے قیام میں بھی خواتین کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا اور عمر کی قید کے بغیر زیادہ سے زیادہ خواتین کو سیاست میں قدم رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کے حصول میں تلنگانہ جاگرتی نے تاریخی کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں خواتین کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے تنظیم کی جانب سے قائدانہ تربیتی پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔کویتا نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد خواتین کے خلاف جرائم میں تقریباً 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسے کسی احسان یا خیرات کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ خواتین کی تعلیم اور بااختیاری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور خواتین سے کیے گئے وعدوں کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔ انہوں نے تلنگانہ کی تمام خواتین کو بین الاقوامی یومِ خواتین کی مبارکباد بھی پیش کی۔