خود ساختہ قائدین نے عوام کو سیاسی مفادات کیلئے ایندھن کی طرح استعمال کیا: الطاف بخاری

   

سری نگر، 30جون (یو این آئی) جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ خاندانی سیاست نے کشمیری عوام کو بھاری نقصان پہنچادیا ہے کیونکہ سیاسی خاندانوں نے اپنے لئے اقتدار حاصل کرنے اور پھر اس اقتدار کو زیادہ سے زیادہ طول دینے کے لئے عوام کو جذباتی نعروں اور نا قابلِ حصول اہداف کے پیچھے لگا دیا۔جمعرات کے روز شوپیاں کے وچی میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران الطاف بخاری نے شدید گرمی کے باوجود جلسے میں شرکت کرنے پرعوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کا قیام بنیادی طور پر جموں کشمیر میں سیاسی خانوادوں کے استحصال کا خاتمہ کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا، “ہم یہ حقیقت جانتے ہیں کہ ان سیاسی خاندانوں، جو جموں کشمیر میں سالہاسال تک برسر اقتدار رہے ہیں، نے اقتدار کے حصول کے لئے اور پھر اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے بھولے بھالے لوگوں کو جذباتی نعروں اور غیر حقیقت پسندانہ اہداف کے پیچھے لگائے رکھا۔ ان جماعتوں اور خود ساختہ لیڈروں نے عوام کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے ایندھن کی طرح استعمال کیا۔