ویجلنس رپورٹ پر معطلی کی اطلاع پر پرنسپل کا اقدام، شفیع اللہ کی یقین دہانی کے بعد روانہ
حیدرآباد۔7۔فروری(سیاست نیوز) خودکشی کی دھمکی دینا ‘ خودکشی کے لئے اکسانا جرم ہے لیکن ٹمریز میں ملازمت بچانے کے لئے خودکشی کی دھمکی کارگر ثابت ہوتی ہے بلکہ محکمہ جاتی یا قانونی کاروائی کے بجائے بہتر ملازمت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ٹمریز اسکول چندرائن گٹہ 1 کے پرنسپل توریہ کے خلاف ویجلنس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد محکمہ جاتی کاروائی کے سلسلہ میں جب انہیں اطلاع موصول ہوئی اور اس بات کا علم ہوا کہ انہیں معطل کرنے کے احکامات کی تیاری کی جا رہی ہے تو پرنسپل توریہ نے حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر عمارت پر چڑھ کرخودکشی کی دھمکی دی لیکن اسی دوران کمشنریٹ محکمہ اقلیتی بہبود کے ڈرائیورصدیق ‘ سیکریٹری ٹمریز کے ڈرائیور محمد نے فوری طور پر حج ہاؤز سے متصل عمارت کی چھٹی منزل پر پہنچ کر خودکشی کی دھمکی دینے والے پرنسپل کو بحفاظت نیچے لاتے ہوئے اس کی زندگی بچالی۔ذرائع کے مطابق ٹمریز کے صدر دفتر انیس الغرباء سے خودکشی کی دھمکی دیتے ہوئے روانہ ہونے والے پرنسپل توریہ کے حج ہاؤز پہنچتے ہوئے متصل عمارت پر چڑھنے تک اسپیشل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس کے ڈرائیورس وہاں پہنچ گئے اور عمارت سے اسے چھلانگ لگانے سے روکنے میں کامیاب ہوگئے ۔بعد ازاں توریہ کو ٹمریز کے صدر دفتر لیجایا گیا جہاں سیکریٹری ٹمریز جناب محمد شفیع اللہ آئی ایف ایس نے کافی دیر تک توریہ کی کونسلنگ کرنے کے بعد ان کے خلاف کسی بھی طرح کی محکمہ جاتی کاروائی نہ کرنے کا تیقن دیتے ہوئے انہیں اسکول کے پرنسپل کے بجائے ٹمریز کے صدر دفتر میں خدمات انجام دینے کی ہدایت دیتے ہوئے سمجھا کر روانہ کردیا۔3