خوفناک مناظر ‘بھوپال گیس سانحہ کی یاد تازہ

   

وشاکھاپٹنم 7 مئی ( پی ٹی آئی ) بیہوش بچوں کو والدین اپنے ہاتھوں میں اٹھائے بھاگ رہے ہیں ‘ راستے میں لوگ بیہوش پڑے ہیں ‘ محکمہ صحت کے عہدیدار متاثرین کی مدد کرنے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں اور کچھ شہری اس مقام سے بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ وہ مناظر تھے جو آج صبح وشاکھاپٹنم میں گیس کے اخراج کے بعد دیکھے گئے جس سے 1984 میں پیش آئے بھوپال گیس سانحہ کی یادیں تازہ ہوگئیں۔ اسٹائرین گیس کے اخراج کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لوگ محو خواب تھے ۔ خواتین اور بچے سڑکوں پر سانس لینے جدوجہد کرتے پڑے دکھائی دئے ۔ یہی وہ مناطر تھے جو بھوپال گیس سانحہ میں دکھائی دئے تھے ۔ اس سانحہ میں 3500 افراد فوت اور بے شمار متاثر ہوگئے تھے ۔ کئی لوگ اپنی نیند میں ہی بیہوش ہوگئے تھے ۔