پشاور ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے قبائلی اضلاع میں حالیہ دنوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن میر علی کے گاؤں خدی میں جمعرات کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے اسرار اللہ نامی ایک نوجوان کو قتل کر دیا۔مقتول نوجوان ‘یونیورسٹی آف لاہور’ کا طالب علم تھا اور لاک ڈاؤن کے سبب تعلیمی ادارے بند ہونے کی وجہ سے اپنے گاؤں آیا ہوا تھا۔واقعہ کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جب کہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔شمالی وزیرستان میں دو روز کے دوران پیش آنے والی یہ دوسری واردات ہے۔اس سے قبل ‘سپین وام’ تحصیل میں ایک سرکردہ قبائلی رہنما مسعود الرحمان کو رواں ہفتے چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔شمالی وزیرستان کے ضلعی پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور نے دونوں وارداتوں کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔