خیریت آباد کے ہاسپٹل کو 100 بیڈس میں تبدیل کرنے کانگریس کا مطالبہ

   

ڈی ناگیندر کانگریس میں شیر ٹی آر ایس میں بلی، کانگریس کے قومی ترجمان شرون کا دعویٰ

حیدرآباد : کانگریس کے قائدین نے خیریت آباد میں واقع اربن پرائمری ہیلت سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا اس ہاسپٹل کو 100 بیڈس کے ہاسپٹل میں تبدیل کرتے ہوئے کوویڈ مریضوں کا خصوصی علاج کیا جائے۔ کانگریس کے قومی ترجمان ڈاکٹر ڈی شرون، صدر حیدرآباد و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کے علاوہ دوسرے قائدین نے ہاسپٹل کا دورہ کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شراون نے کہا کہ کانگریس کے دورحکومت میں تعمیر کردہ اس ہاسپٹل کا دورہ کیا اور کہا کہ گذشتہ 7 سال سے اس ہاسپٹل کو حکومت کی جانب سے نظرانداز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران تمام سہولتوں سے آراستہ اس ہاسپٹل کا بہتر استعمال کیا جائے۔ ہاسپٹل کے بیڈس کی تعداد 100 تک بڑھاتے ہوئے یہاں کورونا کے علاج کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے ٹاسک فورس کمیٹی کے صدرنشین کے ٹی آر سے استفسار کیا کہ انہوں نے اس ہاسپٹل کا ابھی تک دورہ کیوں نہیں کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر ورنگل کا دورہ کرتے ہوئے سنٹرل جیل کو ملٹی اسپشالیٹی ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کا اعلان کررہے ہیں مگر چیف منسٹر کیمپ آفس سے چند فاصلے پر واقع اس ہاسپٹل کا دورہ کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں شیر کی طرح رہنے والے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے بعد بلی بن گئے ہیں۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے 10 کروڑ روپئے کے مصارف سے اس ہاسپٹل کو تعمیر کروایا تھا۔ تمام سہولتوں سے آراستہ 50 بیڈس کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ یہ ہاسپٹل غریب عوام کیلئے اثاثہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے کئی علاقوں کے عوام اس سے استفادہ کرسکتے ہیں مگر حکومت کی جانب سے اس کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے اس ہاسپٹل میں فوری کورونا کا علاج کرنے کے انتظامات کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔