دائرۃ المعارف کے ملازمین کی صدرنشین اقلیتی کمیشن سے نمائندگی

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری (سیاست نیوز) دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی کے ڈپارٹمنٹ آف ریسرچ اینڈ ایڈیٹنگ کے ملازمین کے ایک وفد نے آج صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین سے ملاقات کی اور درپیش مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کی ۔ انچارج چیف ایڈیٹر محمد مبین اقبال کی قیادت میں اس وفد نے شکایت کی کہ ڈائرکٹر دائرۃ المعارف ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل آوری نہیں کر رہی ہے۔ ہائی کورٹ میں ملازمین کی ترقی اور ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی ہیں۔ ملازمین نے شکایت کی کہ انہیں دائرۃ المعارف میں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے ۔ ملازمین نے ہراساں کئے جانے کی بھی شکایت کی۔ صدرنشین کمیشن نے اس سلسلہ میں وائس چانسلر اور رجسٹرار سے نمائندگی کا تیقن دیا اور کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر وہ اس سلسلہ میں دونوں سے بات چیت کرچکے ہیں۔ قمرالدین نے کہا کہ دائرۃ المعارف کو مزید بہتر بنانے کیلئے کمیشن حکومت سے سفارش کرے گا۔