دارفور : یورپی یونین نے نیم فوجی دستے آر ایس ایف، جو آرمی چیف عبدالفتاح البرہان کے خلاف لڑ رہی ہے کے ہاتھوں دارفور کے ماسالیت برادری کی ’’نسلی صفائی‘‘کی مذمت کی ہے۔ یورپی یونین کے مطابق ماسالیت کے 1000 افراد مارے جا چکے ہیں۔ یورپی یونین نے سوڈان کے مغربی علاقے دارفور میں تشدد کے واقعات میں اضافے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس نے اتوار کے روز ایک بیان میں دارفور میں ’’ایک اور نسل کشی‘‘ کے خطرے سے خبردار کیا۔سوڈان کی باقاعدہ فوج اور نیم فوجی دستے ریپیڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے یہ خطہ اپریل سے عدم استحکام کا شکار ہے۔یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار جوسیپ بوریل نے دارفور کی ماسالیت برادری کے لوگوں کے خلاف ہونے والے مظالم کی مذمت کی اور اسے ’’نسلی صفائی کی مہم‘‘ قرار دیا۔