واشنگٹن ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک پاکستانی ڈاکٹر کو جمعہ کے روز مبینہ طور پر داعش کی مدد کرنے اور امریکہ کے خلاف دہشت گرد حملہ کرنے کی خواہش ظاہر کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل برائے قومی سلامتی جان ڈیمرس اور اٹارنی ایریکا میکڈونالڈ برائے ڈسٹرکٹ منی سوٹا کے مطابق 28 سالہ محمد مسعود نے جنوری اور مارچ مہینوں کے درمیان اس نوعیت کے کئی بیانات دیئے جن میں اس نے داعش اور اس کے قائد کے ساتھ اپنی وابستگی اور شام کا سفر کرتے ہوئے دہشت گرد گروپ کیلئے لڑنے کے عزائم ظاہر کئے تھے۔ اسے منیاپولیس ۔سینٹ پال ایرپورٹ سے گرفتار کیا گیا اور بعدازاں منیاپولیس، منی سوٹا کے یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ کے مجسٹریٹ جج ڈیوڈ شلنز کے اجلاس پر پیش کیا گیا۔