داعش کی مدد پر پاکستانی ڈاکٹر کو 18سال کی قید

   

نیویارک: امریکہ میں ایک پاکستانی ڈاکٹر اور مایو کلینک کے سابق ریسرچ کوآرڈینیٹر کو شدت پسند تنظیم داعش کے ساتھ رابطوں پر 18 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔پاکستانی ڈاکٹر نے شام میں لڑنے کی غرض سے داعش میں شمولیت اختیار کرنے اور امریکی سرزمین پر حملے کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔31 سالہ پاکستانی ڈاکٹر محمد مسعود نے ایک سال قبل غیرملکی دہشت گرد تنظیم کو مدد فراہم کرنے کی کوشش کرنے کا اعتراف کیا تھا۔پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ محمد مسعود نے 2020 میں امریکہ سے اردن کے راستے شام جانے کی ناکام کوشش کی، پھر امریکی شہر منی ایپلس سے لاس اینجلس جانے کیلئے ایک شخص سے ملنے کی کوشش کی جو اس کے خیال میں اسے کارگو جہاز کے ذریعے داعش کے علاقے تک پہنچانے میں مدد کرے گا۔ 19 مارچ 2020 کو ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے مسعود کو منی ایپلس کے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔جمعہ کو ڈسٹرک جج پال میگنوسن نے سینٹ پال میں مسعود کو سزا سنائی۔ پراسیکیوٹر کے مطابق مسعود امریکہ میں ’ورک ویزا‘ پر تھے۔