کورونا سے مسافرین کی حفاظت کے لئے
عصری ٹکنالوجی کا استعمال
دبئی ۔ امارات ایر نے دبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر بائیو میٹری ٹریک شروع کیا ہے۔ یہ اقدام دبئی آنے جانے والے مسافروں کو نئی سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ امارات ایر اپنے مسافروں کو مسلسل کوئی نہ کوئی نئی سہولت فراہم کرتی رہتی ہے۔ الامارات الیوم کے مطابق امارات ایر نے بیان میں کہا کہ بائیو میٹریک ٹریک کی بدولت ایرپورٹ سے سفر کرنے والوں کو سفری کارروائی تیزی سے نمٹانے کی سہولت حاصل ہوگی۔طیارے پر سوار ہونے تک کی تمام کارروائی با آسانی انجام پائے گی۔ اس کی وجہ سے سفری دستاویزات کی تفتیش اور انتظارکی لائنوں میں لگنے والی زحمت نہیں ہوگی۔ امارات ایر کے مسافروں کی شناخت چہرے اور آنکھ کے عکس سے ہو جائے گی۔ امارات ایر آپریشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین عادل الرضا نے کہا کہ ٹکنالوجی سے استفادہ کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے نئی سہولت کی بدولت سفرکرنے والوںکی صحت و سلامتی بھی یقینی رہے گی۔انہوں نے مزیدکہا کہ دبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ کی بلڈنگ تھری میں بزنس کلاس اور فرسٹ کلاس کے کاؤنٹرز پر بائیو میٹری رابطہ مرکز قائم کر دیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں اسمارٹ انڈر پاس سمیت سفری گیٹس اور کونکرز بی میں امارات ایر ٹرمینل کے گیٹ پر بھی اس کی سہولت مہیا ہے۔ طیارے پر جاتے وقت گیٹس پر بھی بائیو میٹری پوائنٹ لگایا گیا ہے۔ مستقبل میں تمام رابطہ پوائنٹس پر اضافی پوائنٹ نصب کیے جائیں گے۔