تل ابیب : اسرائیل نے متحدہ عرب امارت کے ساتھ ایوی ایشن سکیورٹی تنازعے کے پس منظر میں اس ڈیڈ لائن میں توسیع کے خلاف خبردار کیا ہے، جس کے تحت تل ابیب اسرائیلی فضائی کمپنیوں کی پروازیں روک سکتا ہے۔ اسرائیل نے یہ تنازعہ حل نہ ہونے کی صورت میں اس خلیجی ریاست کے ساتھ ممکنہ بحران سے خبردار بھی کیا ہے۔ 2020ء میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کی تاریخی معاملت کے تحت تل ابیب سے دبئی کے لیے تین اسرائیلی ایئر لائنز کی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔ تب سے اب تک ہزاروں اسرائیلی باشندے دبئی کا دورہ کر چکے ہیں۔ اسرائیلی سکیورٹی سروس شن بیت نے دبئی کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر انتظامات کے حوالے سے چند خدشات کا اظہار کیا ہے، جن کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اگر یہ خدشات دور نہ کیے گئے، تو تمام اسرائیلی فضائی کمپنیاں دبئی میں کام کرنا بند کر دیں گی۔