دبئی: مشہور برطانوی نیلام گھر ’سودبیز‘ نے دبئی میں 555.55 قیراط کا ایک سیاہ ہیرا پیش کیا ہے جس کے بارے میں خیال ہیکہ وہ خلا سے زمین پر آیا ہے۔یہ ہیرا جسامت میں خاصا بڑا ہے اور اس کے 55 پہلو ہیں جو اسے اور بھی زیادہ منفرد بناتے ہیں۔اس ہیرے کو ’’اینگما‘‘ (معما) کا نام دیا گیا ہے جبکہ اسے دنیا کے نایاب ترین ہیروں میں شمار کیا جاتا ہے۔کوئی نہیں جانتا کہ یہ ہیرا کہاں سے آیا ہے لیکن ایک مفروضے کے مطابق یہ لاکھوں سال پہلے زمین سے ٹکرانے والے کسی شہابِ ثاقب کا حصہ رہا ہوگا جو کسی طرح سے محفوظ رہ گیا۔سیاہ ہیروں کو ’کاربونیڈو‘ بھی کہا جاتا ہے جو اب تک صرف برازیل اور وسطی افریقہ ہی سے ملے ہیں۔’اینگما‘ کو دبئی کے بعد لاس اینجلس میں بھی نمائش کیلیے رکھا جائے گا جبکہ اس کی آخری منزل لندن ہوگی جہاں اسے فروری میں نیلام کیا جائے گا۔