درجنوں بلیڈز نگلنے والے کی جان بچالی گئی

   

کوٹہ : راجستھان کے ایک شخص نے 56 بلیڈز نگل لیے، جس کے بعد وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں آگیا، تاہم اسپتال میں ایک پیچیدہ آپریشن کے ذریعہ اس کی جان بچا لی گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق 26 سالہ شخص یشپال سنگھ نے ایک کے بعد 56 بلیڈز نگل لیں۔ تھوڑی دیر بعد اس کے منہ سے خون آنے لگا اور پیٹ میں ناقابلِ برداشت تکلیف کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال لایا گیا، جہاں اس کا الٹراساؤنڈ اور اینڈواسکوپی کی گئی، جس سے تصدیق ہوگئی کہ اس کے معدے میں درجنوں بلیڈز موجود ہیں۔ اس کے بعد ڈاکٹر نارسی رام دیواسی کی قیادت میں اس کا علاج شروع کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے دیکھا کہ یشپال سنگھ کی گردن پر کٹ کے نشانات تھے اور اس کا بدن جگہ جگہ سے سوجا ہوا تھا۔ اس غیرمعمولی صورتحال میں سات ڈاکٹروں نے ملکر تین گھنٹے تک آپریشن کیا اور معدہ میں جگہ جگہ چپکی ہوئی بلیڈوں کو احتیاط سے نکالا گیا۔ ڈاکٹروں نے دیکھا کہ مریض کے معدے اور دیگر مقامات پر خراشوں کی وجہ سے جسم کے اندرونی حصوں سے خون کا بہنا جاری تھا۔ یشپال سنگھ نے بلیڈوں کے تین پیکٹ نگلے تھے اور ان پر لگاہوا پلاسٹک گھل چکا تھا جس کے بعد بلیڈوں نے بدن کو تکلیف اور نقصان پہنچانا شروع کردیا۔