چندراپور 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک دو سالہ شیرنی ٹاڈوبا آدھری ٹائیگر کے محفوظ علاقہ (TAIR) میں ماری گئی۔ خیال کیا جارہا ہے کہ جنگلی بھینسے کے ساتھ علاقائی لڑائی میں یہ شیرنی ہلاک ہوگئی۔ ٹاڈوبا آدھری کی شیرنی مایا سے 2 اکٹوبر کو اس کا بچہ بچھڑ گیا اور اس دوران مایا اپنے علاقہ کے قیام کی کوشش میں اس محفوظ جنگل میں ایک بھینسے کے ساتھ بھیانک لڑائی میں زخمی ہوگئی۔ چندرا پور کے محفوظ جنگل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کا عملہ شیرنی کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھا لیکن 6 اکٹوبر کو یہ زخمی شیرنی اچانک غائب ہوگئی۔ جنگلات کے عملہ نے اس کی تلاش شروع کردی تھی۔ دوشنبہ کی صبح میں مایا (شیرنی) کا ڈھانچہ ٹاڈوبا جنگل میں پایا گیا۔ مہاراشٹرا میں شیروں کے لئے مختص 6 جنگلات ہیں جو 9,116 مربع کیلو میٹر پر محیط ہیں۔ قبل ازیں جنگلات کے ایک افسر نے بتایا تھا کہ ان جنگلات میں تقریباً 165 شیر پائے جاتے ہیں۔