دمشق 17 جولائی (ایجنسیز) آج جمعرات کے روز اسرائیل ۔ شام سرحد سے براہِ راست نشر کی گئی تصاویر میں دیکھا گیا کہ سرحد پر موجود دروز افراد کا ہجوم منتشر ہو چکا ہے۔ اسرائیلی فوجی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی دروز کی جانب سے شام میں داخل ہونے کی کوششیں اب رک چکی ہیں۔ریڈیو نے مزید بتایا کہ کچھ اسرائیلی دروز تا حال شام کے اندر موجود ہیں اور انہیں واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔اس سے قبل چہارشنبہ کو اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے دروز سے اپیل کی تھی کہ وہ شام کی طرف سرحد عبور نہ کریں، کیونکہ فوج نے مجدل شمس کے علاقے میں باڑ عبور کرنے کے کچھ واقعات کا مشاہدہ کیا تھا۔نیتن یاہو نے اپنے دفتر سے جاری بیان میں دروز سے مخاطب ہو کر کہا “آپ اسرائیل کے شہری ہیں، سرحد عبور نہ کریں، آپ اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ آپ کو قتل کیا جا سکتا ہے یا اغوا کیا جا سکتا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے مزید کہا “سویداء اور جنوب مغربی شام میں صورتِ حال نہایت خطرناک ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ اسرائیلی فوج کی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، اس لیے میں آپ سے کہتا ہوں … اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور فوج کو اپنا کام کرنے دیں۔دوسری جانب شامی صدر احمد الشرع نے جمعرات کی صبح اپنے خطاب میں اسرائیل پر شام کے اندر فتنہ پھیلانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اسرائیلی اقدامات نے (سویداء صوبے میں) صورتِ حال کو مزید بگاڑ دیا ہے۔صدر الشرع نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ دروز شام کے سماجی تانے بانے کا ایک بنیادی حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا “میں اپنی بات خاص طور پر اپنے دروز بھائیوں سے کہتا ہوں، جو اس وطن کے اصل حصے میں شامل ہیں … شام کبھی بھی تقسیم یا فتنہ پردازی کی سرزمین نہیں بنے گا۔
ہیگ گروپ نے اسرائیل کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا
بوگوٹا17جولائی (یو این آئی) تقریباً 30 ممالک پر مشتمل ‘ہیگ گروپ’ نے اسرائیل کے خلاف ایک ’’مربوط قانونی اور سفارتی مہم‘‘ کے تحت ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کی تجارت معطل کرنے اور اسرائیلی بحری جہازوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔گروپ نے بدھ کے روز جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ‘‘ہم اسرائیل کو ہتھیار، جنگی مواد، فوجی ایندھن، متعلقہ فوجی آلات اور دوہرے استعمال کی اشیاء کی فراہمی یا منتقلی کو روکنے ، کسی بھی بندرگاہ پر اس کے جہازوں کے گزرنے ، لنگر انداز ہونے اور خدمات فراہم کرنے پر پابندی، اور ہمارے پرچم بردار جہازوں کے ذریعے اسرائیل کے لیے ان اشیاء کی نقل و حمل کو بند کرنے جیسے اقدامات کی پابندیوں کا اعلان کرتے ہیں۔