درگاہ اجمیر شریف کے کھاتوں کا آج سی اے جی آڈٹ کریگی

   

اجمیر: راجستھان میں اجمیر درگاہ شریف کے خدام خواجہ کی دونوں انجمنوں کو اب سی اے جی کے سامنے اپنے حسابات پیش کرنے ہوں گے۔ اس سلسلے میں سی اے جی ٹیم کے پیر کو اجمیر پہنچنے کا امکان ہے۔ صدر دروپدی مرمو سے اجازت ملنے کے بعد مرکزی حکومت نے آڈٹ کی اجازت دینے کے احکامات جاری کئے۔ اقلیتی امور کی وزارت کے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل نے دہلی ہائی کورٹ کو صدر کی جانب سے منظوری کے بارے میں مطلع کیا۔ عدالت کے حکم پر اس کی ایک کاپی انجمن کے وکیل آشیش کمار کو دی گئی ہے۔ اس کے بعد اب انجمن نئی درخواست دائر کر سکتی ہے۔ اجمیر درگاہ انجمن کمیٹی کے سکریٹری سید سرور چشتی نے کہا کہ انہیں بھی سی اے جی کی آمد کی اطلاع ملی ہے۔ اگر ان کی طرف سے کوئی کاغذات مانگے جائیں گے تو وہ دستیاب کرائے جائیں گے۔ سرور چشتی نے دعویٰ کیا کہ تمام ضروری دستاویزات موجود ہیں۔غور طلب ہے کہ 15 مارچ 2024 کو وزارت اقلیتی امور نے انجمنوں کو دفعہ 20C کے تحت نوٹس جاری کیا تھا، جس میں غیر ملکی رقم اور نذرانہ رقم یعنی آمدنی اور اخراجات کے حساب طلب کئے گئے۔ نوٹس میں فنڈز کے غلط استعمال کے الزامات کے بعد انجمن نے اسے 23 مئی 2024 کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ خدام خواجہ کو نذرانہ یاتری اپنی مرضی سے دیتے ہیں۔ اس آمدنی اور اخراجات کو اپنے خاندان کی کفالت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ خادم خدمت کے جذبے سے درگاہ کی خدمت کرتے ہیں۔ ایسے میں دہلی ہائی کورٹ نے مرکز سے جواب طلب کیا تھا۔