درگاہ جہانگیر پیراں کی توسیع و مکہ مسجد کے تعمیری کام جلد مکمل کئے جائیں

,

   

مولا علی اور پہاڑی شریف کے کاموںکو بھی تیز کرنے کی ہدایت ۔ اقلیتی امور پر محمود علی اور کے ایشور کا اجلاس

حیدرآباد: 28 اگسٹ ( سیاست نیوز ) تاریخی درگاہ جہانگیر پیراں کی توسیع، مکہ مسجد کے مرمتی کام اور دوبارہ کشادگی کی عاجلانہ تکمیل کرنے وزراء کوپلہ ایشور اور محمود علی نے عہدیداروں کو ہدایت کی۔ وزیر اقلیتی امور مسٹر کے ایشور اور وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے درگاہ جہانگیر پیراں، مولا علی، پہاڑی شریف درگاہ، مکہ مسجد، انیس الغربامیں جاری کاموں کے ساتھ اجمیر شریف میں رباط اور کوکا پیٹ میں کرسچن بھون تعمیراتی کاموں میں رکاوٹوں سے واقفیت حاصل کی۔ اس کے متعلق آج وزراء نے تقریباً چار گھنٹوں تک اعلیٰ سطحی اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا۔وزراء نے رکن اسمبلی انجیا یادو، وقف بورڈ صدر نشین سید سلیم، حکومتی مشیر اقلیتی امور اے کے خان، سیکریٹری احمد ندیم، ڈائریکٹر محکمہ اقلیت شاہ نواز قاسم اور کرسچن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے ہمراہ تقریباً چار گھنٹوں پرمشتمل جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا۔ وزراء نے ادعا کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے درگاہ جہانگیر پیراں کے قریب جدوجہد تلنگانہ کے موقع اہم اجلاس منعقد کیا۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد چیف منسٹر نے درگاہ کی توسیع و تعمیر کیلئے 50 کروڑ منظور کئے۔ وزراء نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ حصول اراضی کے عمل کو فوری مکمل کریں۔ متعلقہ تاجرین سے بات کرکے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرکے ان کو حل کریں۔ نیز عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ راجستھان حکومت سے رابطہ کرکے درگاہ اجمیر شریف میں رباط کے قیام کے لئے تمام تر ضروری منظوری حاصل کریں۔ وزیر اقلیتی امور نے شہر میں موجود 11 وقف جائیدادوں کو سرکاری قواعد وضوابط کے ساتھ ای ۔ٹینڈر کے ذریعہ لیز پر دینے اقدامات کی عہدیداروں کو ہدایت کی۔ کرسچن بھون کی تعمیر میں رکاوٹوں کو دور کرنے علیحدہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا اس موقع پر وزراء نے فیصلہ کیا۔ وزراء کوپلہ ایشور اور محمود علی نے عہدیداروں کو پہاڑی شریف درگاہ میں ریمپ، سی سی روڈ، مولا علی درگاہ، مکہ مسجد اور انیس الغرباء میں زیر دوران کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے مختلف ہدایات اور مشورے بھی دئیے۔