حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حبیب نگر پولیس نے درگاہ حضرات یوسفینؒ کے سابق متولی محمد فیصل علی شاہ کو ہینڈی کرافٹ شاپ کے مالک کو حبس بیجا میں رکھنے اور زدوکوب کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرزا حامد علی بیگ جو روڈ نمبر 7 بنجارہ ہلز میں واقع ایک ہینڈی کرافٹ شاپ کے مالک ہیں بقایا رقم کے حصول کیلئے فیصل علی شاہ کے مکان واقع حبیب نگر پہنچے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ درگاہ کے سابق متولی نے مرزا حامد علی بیگ سے مبینہ طور پر رقم کی ادائیگی کو لے کر بحث و تکرار کی اور بعد ازاں انہیں زدوکوب کرنے کے بعد اپنے مکان میں غیر قانونی طور پر محروس کردیا۔ دستکاری اشیاء کی دکان کے مالک نے اس معاملہ کی اطلاع پولیس کو دی جس کے نتیجہ میں کچھ ہی دیر میں حبیب نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک ٹیم فیصل علی شاہ کے مکان پہنچ کر حامد علی بیگ کو وہاں سے نکال لیا جبکہ سابق متولی کو بھی حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ انسپکٹر حبیب نگر پولیس اسٹیشن مسٹر پی شیوا چندرا نے کہا کہ ہینڈی کرافٹ شاپ کے مالک کی شکایت پر انہوں نے حبس بیجا میں رکھنے ، دھمکانے اور زدوکوب کرنے کے الزام میں فیصل علی شاہ کو گرفتار کرلیا ہے اور کل انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔