درگاہ حضرات یوسفینؒ کے متاثرہ تاجرین کو متبادل جگہ کی فراہمی

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا تیقن
حیدرآباد: صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے درگاہ حضرات یوسفینؒ کے احاطہ میں گزشتہ دنوں آتشزدگی واقعہ سے متاثرہ تاجرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ متاثرہ تاجرین کے ایک وفد نے آج حج ہاؤز نامپلی پہنچ کر صدرنشین محمد سلیم سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ میں تمام ملگیاں خاکستر ہوگئیں اور تجارتی سامان کو نقصان پہنچا ۔ نقصان کے سبب وہ مالی مسائل کا شکار ہوگئے ، لہذا وقف بورڈ کو کاروبار کے آغاز کے لئے مدد کرنی چاہئے ۔ محمد سلیم نے تاجرین پر واضح کردیا کہ قبرستان میں تجارت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں سے وہ قبرستان کے تحفظ اور قبور کی بے حرمتی روکنے کیلئے توجہ دلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون دو یوم عہدیداروں کی ٹیم روانہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ درگاہ شریف کے احاطہ میں کسی موزوں مقام پر متبادل جگہ فراہم کی جائے گی جہاں کاروبار شروع کیا جاسکتا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کسی کو کاروبار سے محروم کرنا نہیں چاہتا ، تاہم وہ قبور پر ملگیات تعمیر کرنے اور تجارت کی اجازت نہیں دے سکتے۔ تاجرین نے تیقن دیا کہ وہ وقف بورڈ کی جانب سے الاٹ کردہ مقام پر کاروبار شروع کریں گے ۔
انہوں نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے اظہار تشکر کیا ۔