درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ کے ریمپ کی تعمیر 4 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

   

وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور محمد سلیم کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ، مزید 2.5 کروڑ کی اجرائی کا فیصلہ، وقف اراضی کے تحفظ کیلئے عنقریب اجلاس
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ کیلئے ریمپ کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اور صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا۔ حکومت نے زائرین کی سہولت کیلئے ریمپ کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس پر 9.5 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ تعمیری کاموں کے سلسلہ میں 4.5 کروڑ جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ مزید کاموں کیلئے 2.5 کروڑ کی اجرائی سے اتفاق کیا گیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے ریمپ کا کام اندرون 4 ماہ مکمل کرنے کی کنٹراکٹر کو ہدایت دی۔60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی 40 فیصد کام کی تکمیل میں لاک ڈاؤن اور کورونا وباء کی صورتحال نے اہم رکاوٹ پیدا کی۔ محمد سلیم نے وزیر اقلیتی بہبود کو ریمپ کی تعمیر سے زائرین کی سہولتوں سے واقف کرایا اور بتایا کہ اوپری حصہ میں کار پارکنگ کیلئے گنجائش فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے درگاہ کی اراضی پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی اور غیر مجاز فروخت کو روکنے کیلئے ضلع کلکٹر، آر ڈی او اور ایم آر او کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ جلد ہی وقف اراضی کے تحفظ پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر، ریوینو اور پولیس عہدیداروں کو محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مکتوب روانہ کرنے سے اتفاق کیا۔ اس موقع پر حکومت کے مشیر اے کے خاں، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) اور وقف بورڈ کے عہدیدار موجود تھے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ حکومت نے درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ اور مولا علی کے زائرین کی سہولت کیلئے ریمپ کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی بھلائی میں سنجیدہ ہے اور تلنگانہ میں اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق اسکیمات کی مثال کوئی اور ریاست پیش نہیں کرسکتی۔وزیر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ چیف منسٹر تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور پہاڑی شریف کے علاوہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی، انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر اور مکہ مسجد کے تعمیری کام تیزی سے انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میںتقریباً 70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں لائٹنگ، پارکنگ، ریسٹ روم اور کمان کا کام انجام دیا جائے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی 5 سالہ کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ محمد سلیم نے کئی اہم جائیدادوں کے تحفظ میں اہم رول ادا کیا ہے اور کئی مقدمات میں وقف بورڈ کو کامیابی ملی۔ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے گئے۔ کے ایشور اور محمد سلیم نے کنٹراکٹر اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریمپ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر اقلیتی بہبود اور دوسروں کی دستار بندی کی گئی اور تبرکات پیش کئے گئے۔ ر