درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کی اراضی پر ناجائز قبضوں کی کوشش ناکام

   

صدرنشین وقف بورڈ کی بروقت کارروائی، قبرستان کا تحفظ اور قابض کے خلاف ایف آئی آر درج

حیدرآباد۔ 22 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کو درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ پہاڑی شریف کی اوقافی اراضی کے تحفظ میں آج اہم کامیابی ملی ہے۔ غیر مجاز قابضین پہاڑی سے متصل قبرستان پر قبضے کی تیاری کرچکے تھے۔ قبور مسمار کرتے ہوئے بائونڈری وال کی تعمیر کے لیے کھدوائی کا کام جاری تھا۔ قبرستان کی مسماری اور اوقافی اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں مقامی افراد نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی توجہ مبذول کرائی۔ اطلاع ملتے ہی صدرنشین نے وقف بورڈ کی ٹاسک فورس ٹیم اور دیگر عہدیداروں کو پہاری شریف روانہ کیا جہاں انہوں نے ناجائز قبضے کو برخاست کرتے ہوئے جے سی بی مشین کے ذریعہ کھودے گئے گڑھوں کو بھردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک مقامی شخص نے اوقافی اراضی پر قبضے کی کوشش کی تھی اور اسے لینڈ گرابرس کی مدد حاصل ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے یہ کام خاموشی کے ساتھ جاری تھا۔ قبور کی مسماری کو دیکھتے ہوئے مقامی افراد نے صدرنشین وقف بورڈ کو صورتحال سے واقف کرایا۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے سروے نمبر 92 کے تحت موجود اس اراضی پر ناجائز قبضے کے سلسلہ میں پولیس پہاڑی شریف میں شکایت درج کرتے ہوئے ایف آئی آر کیا ہے۔ پولیس نے ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کا تیقن دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پہاڑی کے دوسرے حصے میں اراضی پر ناجائز قبضے جاری ہیں اور وقف بورڈ کو فوری کارروائی کرنی چاہئے۔ درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کے تحت 1500 ایکر سے زائد اوقافی اراضی موجود ہے اور مختلف علاقوں میں غیر مجاز قابضین نے قبضہ کرلیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اراضی کا مکمل سروے کرتے ہوئے ناجائز قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ قابضین کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرتے ہوئے اراضیات کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی اوقافی اراضی پر ناجائز قبضوں کی کوشش کی جارہی ہے، مقامی مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی وقف بورڈ کو اطلاع دیں تاکہ فوری طور پر کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجاز قابضین کے خلاف وقف بورڈ سخت کارروائی کرے گا۔ محمد سلیم نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً پہاڑی شریف کا دورہ کرتے ہوئے اراضی کے موقف کا جائزہ لیں۔ مقامی مسلمانوں نے وقف بورڈ کی فوری کارروائی پر صدرنشین سے اظہار تشکر کیا۔