وقف بورڈ سے2 کروڑ 57 لاکھ کی اجرائی، محمد سلیم نے چیک حوالے کیا
حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج رکن اسمبلی اکبر اویسی کے ہمراہ درگاہ حضرت خواجہ حسن برہنہ شاہ رحمتہ اللہ علیہ سنتوش نگر کی اوقافی اراضی پر ہائی اسکول، جونیر کالج اور ویمنس امپاورمنٹ سنٹر کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ محمد سلیم نے اس موقع پر 2 کروڑ 57 لاکھ 99 ہزار 765 روپئے کا چیک اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹراکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایکزیکیٹو انجینئر سرینواس راؤ کے حوالے کیا۔ یہ رقم تعمیری کاموں کیلئے گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر مختص کردہ 20 کروڑ روپئے کی پہلی قسط ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کارپوریشن کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تعمیری کاموں کی جلد تکمیل کریں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ حکومت تعلیمی اور بھلائی کی سرگرمیوں کی انجام دہی اور اوقافی جائیدادوں کی ترقی کیلئے گرانٹ اِن ایڈ جاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت برہنہ شاہؒ کی اوقافی اراضی پر تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہورہا ہے۔ ہائی اسکول اور جونیر کالج کے قیام سے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مختلف شعبوں میں ٹریننگ کی فراہمی کیلئے ویمن امپاورمنٹ سنٹر کا قیام عمل میں آئے گا۔ 6000 مربع گز اراضی پر یہ عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ حکومت نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے اور 20 کروڑ روپئے مختص کئے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں دیگر اوقافی جائیدادوں کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانٹ اِن ایڈ کے ذریعہ مختلف اداروں کی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر مقامی افراد کی جانب سے صدر نشین وقف بورڈ کی گلپوشی کی گئی اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں ان کی مساعی کو سراہا گیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ وہ تعمیری کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے وقتاً فوقتاً معائنہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور کنٹراکٹرس کو مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت دی گئی ہے۔