درگاہ حضرت جان پاک شہیدؒ کے ٹنڈر سے وقف بورڈ کو بھاری منافع

   

پولیس کی نگرانی میں ہراج ، صدرنشین وقف بورڈ کی خصوصی دلچسپی
حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم کی خصوصی دلچسپی سے اہم درگاہوں کے ہراج میں وقف بورڈ کی آمدنی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ درگاہ حضرت جان پاک شہیدؒ ضلع سوریا پیٹ کے انتظامات کے سلسلہ میں آج ٹنڈرس کی کشادگی اور ہراج کا دن تھا۔ مختلف گوشوں سے اس بات کی کوشش کی گئی کہ کسی طرح ہراج کو ٹال دیا جائے اور نامینیشن کی بنیاد پر انتظامات الاٹ کردیئے جائیں ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم جو اپنی والدہ محترمہ کی فاتحہ سیوم کے انتظامات میں مصروف تھے ، انہوں نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید سے ربط قائم کرتے ہوئے کسی بھی صورت میں ہراج منعقد کرنے کی ہدایت دی ۔ محمد سلیم نے کسی بھی مداخلت کو روکنے کیلئے پولیس کے انتظامات کرائے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی موجودگی میں ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئی اور پانچ ٹنڈر گزاروں نے علحدہ علحدہ رقم کا پیشکش کیا تھا ۔ ہراج میں ایک کروڑ 17 لاکھ 11 ہزار روپئے کے عوض انتظامات الاٹ کئے گئے ۔ سید خواجہ نے یہ بولی دی جنہیں انتظامات منظور کئے گئے ۔ گزشتہ سال درگاہ شریف کے انتظامات 88 لاکھ روپئے میں الاٹ کئے گئے تھے۔ تازہ ترین ہراج کی صورت میں وقف بورڈ کو تقریباً 90 لاکھ سے زائد کا فائدہ ہوا۔ دو سال قبل درگاہ حضرت جان پاک شہید کے انتظامات 20 لاکھ روپئے میں الاٹ کئے گئے تھے، جبکہ گزشتہ سال ہراج کرنے پر 88 لاکھ روپئے کی آمدنی ہوئی ۔ محمد سلیم نے حالیہ عرصہ میں تلنگانہ کی اہم درگاہوں کے انتظامات کے ہراج کو یقینی بناتے ہوئے بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا گیا ۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ، درگاہ حضرت سعد اللہ حسینی بڑا پہاڑ اور درگاہ انارم شریف ورنگل کے ہراج سے وقف بورڈ کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ۔