درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ میں مسجد کی توسیع و دیگر کاموں کا آغاز

   

Ferty9 Clinic

صدر نشین وقف بورڈ نے افتتاح کیا رکن اسمبلی شاد نگر شنکریا کی نمائندگی پر منظوری۔ توسیع کو اندرون دو ہفتے مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 19 جنوری (سیاست نیوز) درگاہ حضرت سید جہانگیر پیراں ؒ میں مسجد کی توسیع کے علاوہ دیگر کاموں کیلئے عرس شریف کے اختتام کے بعد کاموں کا آغاز کردیا گیا ۔ حکومت کے خصوصی بجٹ سے آج زائداز 13.5 کروڑ کے کاموں کا افتتاح انجام دیا گیا۔ رکن اسمبلی شاد نگر شنکریا کی نمائندگی پر منظوریوں اور ترقیاتی کاموں کا صدرنشین وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے افتتاح انجام دیا۔ صدرنشین نے آج درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور زیرالتواء کاموں کا آغاز کیا ۔ رکن اسمبلی شاد نگر کے شنکر یا کے ہمراہ دورہ کے دوران جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ تکمیل کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں اور متعلقہ رکن اسمبلی کے بجٹ سے منظورہ کاموں کا افتتاح انجام دے کر درگاہ کے اطراف کے علاقہ کو ترقی دینے و زائرین کی سہولتوں میں بہتری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رکن اسمبلی مسٹر شنکریا نے زائرین کی سہولت کیلئے درگاہ کے قریب بس اسٹاپ کی تعمیر اور درگاہ کو پہنچنے والی سڑک کی تعمیر کیلئے 12 کروڑ منظور کروائے جن کا آج افتتاح انجام دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ درگاہ سے متصل مسجد کی توسیع کے علاوہ درگاہ کے آفس ‘ درگاہ کے قریب پولیس آؤٹ پوسٹ کی مرمت کیلئے زائد از 1.5 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ درگاہ کے اطراف کاموں و مسجد کی توسیع ومرمت کو اندرون دو ہفتہ مکمل کرنے ہدایت دی گئی اور تاکید کی گئی کہ اس دوران دوران زائرین کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہو ںنے بتایا کہ شاہراہ سے درگاہ جانے والی سڑک کی تعمیر اور درگاہ کے قریب بس اسٹاپ کی تعمیر کیلئے فوری کاموں کا آغاز کردیا گیا اور جلد ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے عرس کے دوران رکن اسمبلی نے ان کاموں کی منظوری سے واقف کرواتے ہوئے ان کے آغاز کے متعلق سے مطلع کیا تھا اور ان سے خواہش کی تھی کہ وہ ان کاموں کا افتتاح انجام دیں۔3