وقف بورڈ کو ایک کروڑروپئے کی اضافی آمدنی
حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کے سلسلہ میں آج وقف بورڈ میں آکشن کا اہتمام کیا گیا تھا۔ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر عبدالحمید کی موجودگی میں ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئی۔ 4 افراد نے ٹنڈرس داخل کئے تھے جن میں زائد رقم کے ٹنڈر کو منظوری دے دی گئی۔ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال وقف بورڈ کو ایک کروڑ ایک لاکھ روپئے کا فائدہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال ایک کروڑ 36 لاکھ روپئے میں ٹنڈر منظور کیا گیا تھا جبکہ جاریہ سال اُسی کنٹراکٹر نے 2 کروڑ 36 لاکھ 99 ہزار 999 روپئے کا ٹنڈر داخل کیا جسے منظوری دے دی گئی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ تلنگانہ کی اہم درگاہوں کے انتظامات سے متعلق ہراج سے گزشتہ دو برسوں میں وقف بورڈ کو کافی فائدہ ہوا ہے۔ اہم درگاہوں کے انتظامات کے ہراج میں صدر نشین محمد سلیم نے خصوصی دلچسپی لی تھی۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے آکشن کو روکنے کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی جس پر عدالت نے درخواست گذار کو ٹنڈر میں حصہ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے مقدمہ کو خارج کردیا تھا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی خصوصی دلچسپی سے اہم درگاہوں کے انتظامات سے متعلق ہراج کا آغاز ہوا ہے۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے علاوہ درگاہ حضرت سعد اللہ حسینی ؒ بڑا پہاڑ، درگاہ جان پاک شہید نلگنڈہ اور درگاہ یعقوب شہید ورنگل کے انتظامات سے متعلق چند برسوں تک ہراج نہیں ہوئے تھے لیکن محمد سلیم نے ہراج کو یقینی بناتے ہوئے بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا ہے
