مکہ مسجد کے کام رمضان سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت، انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر جاری، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری کیلئے اراضی کے حصول کا کام اندرون ایک ہفتہ مکمل کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ مقامی افراد اراضی کے معاوضہ کے سلسلہ میں حکومت کی پیشکش پر راضی دکھائی نہیں دیتے۔ ایڈیشنل کلکٹر رنگاریڈی اور رکن اسمبلی شاد نگر کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ اندرون ایک ہفتہ مقامی افراد سے بات چیت کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبہ کیلئے اراضی کے حصول کو یقینی بنائیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ ریاستی وزراء کے ایشور اور محمود علی کی نگرانی میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں مختلف کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی نگرانی میں درگاہ جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کے علاوہ مکہ مسجد کی تعمیر و مرمت، درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کے ریمپ کی تعمیر اور انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر کا کام انجام دیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جنہوں نے علحدہ تلنگانہ تحریک کے آغاز کے وقت درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ میں حاضری دی تھی انہوں نے 50 کروڑ کی لاگت سے ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دی ہے۔ انتہائی عصری سہولتوں کے ساتھ پراجکٹ مکمل کیا جائے گا اور اراضی کے حصول کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 50 کروڑ کے منجملہ ایک کروڑ 11 لاکھ 23 ہزار روپئے وقف بورڈ کی جانب سے جاری کئے جاچکے ہیں۔ اراضی کے حصول کے معاملہ کو قطعیت دیئے جانے کے بعد مزید 48 کروڑ 88 لاکھ جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مکہ مسجد کی مرمت و تزئین نو کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے یہ کام سست روی کا شکار ہیں۔ کاموں کی تکمیل کے ساتھ ابھی تک جملہ 4 کروڑ 50 لاکھ روپئے 6 مراحل میں جاری کئے گئے۔ حکومت نے 8 کروڑ 48 لاکھ روپئے کی منظوری دی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ کے مرمتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ رمضان المبارک میں نماز بالخصوص تراویح میں دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف کے ریمپ کے تعمیر کیلئے 9 کروڑ 60 لاکھ کی منظوری دی گئی ہے جس میں سے 3 کروڑ 45 لاکھ جاری کردیئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ریمپ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل کے بعد زائرین گاڑی سے زیارت کیلئے اوپری حصہ میں پہنچ پائیں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر کیلئے 39 کروڑ کی منظوری دی گئی جس میں سے 12.41 کروڑ جاری کردیئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بالائی منزلوں کی تعمیر جلد مکمل کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کامپلکس کی ملگیات اوپن آکشن کے ذریعہ الاٹ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کو حکومت نے 11 جائیدادیں لیز پر دینے کی اجازت دی ہے جس کیلئے ای ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔R