صرف 15 افراد کو پوجا کی رسم میں شرکت کی پابندی،امن کمیٹی اجلاس کلکٹر کا خطاب
گلبرگہ /15 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) : ڈپٹی کمشنر گلبرگہ یشونت گروکر نے منگل کے دن الند ٹائون ضلع گلبرگہ میں ایک امن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاشیو راتری کے دن الند ضلع گلبرگہ کی درگاہ شریف حضرت لاڈلے مشائخ کے احاطہ میں موجود راگھو ا چیتنیا کے شیولنگ کی مذہبی پوجا اور دیگر مذہبی رسومات ادا کرنے کی اجازت رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ مذہبی رسومات 18فبروری کو 8بجے دن سے دوپہر 12بجے تک ادا کی جاسکتی ہیں ۔ان رسومات کی ادائیگی کے لئے 15افراد بشمول ایک مذہبی رہنما کو احاطہ درگاہ میں داخل ہونے کی اجازت رہے گی ۔پھر انھوں نے یہ بھی بتایا کہ وقف ٹریبیونل کورٹ نے اندولہ کرونیشور مٹھ کے سدلنگ ایا سوامی کے بشمول 15افراد کو اسی دن دوپہر 2بجے سے شام 6بجے تک احاطہ درگاہ میں داخل ہوکر پوجا پاٹ اور دیگر رسومات ادا کرنے کی اجازت د ی ہے ۔انھوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے ایشور ٹیمپل او ر درگاہ ہندو مسلم اتحاد کی ایک علامت ہے کیوں کہ وہ دونوں ایک ہی احاطہ میں واقع ہیں ۔ درگا ہ ممتاز صوفی حضرت لاڈلے مشائیخ انصاری کی ہے جو مسلمانوں کے لئے ایک مقدس مقام ہے ۔ اسی طرح گرو راگھوا چیتنیا مندر کی موجودگی ہندوئوں کے لئے ایک مقدس مقام ہے جہاں وہ شیو لنگ کی پوجا کرتے ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ چودھویں صدی سے ہندو اور مسلمان عقیدت مند دونوں اس مقام پر پہنچ کر اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال درگاہ حضرت لاڈلے مشائیخ کے احاطہ میں راگھوا چیتنیا مندر پر پوجا پاٹ کے لئے غیر مسلم حضرات کے پہنچنے پر الند ٹائون میں تنائو اور کشیدگی کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی ۔ لیکن اس بار پولیس معاملات کو پر امن رکھنے کے لئے موثر اقدمات کررہی ہے۔ امن اجلاس میںسپرینٹینڈینٹ آف پولیس محترمہ ایشا پنت، ایڈیشنل ایس پی سریندھ، اسسٹنٹ کمشنر گلبرگہ ممتا کمار،کے علاوہ ہندوئوں اور مسلمانوں کے قائیدین شریک تھے ۔
