ناگرجناساگر پراجکٹ کے متعدد گیٹس بند کردیئے گئے
حیدرآباد ۔ 19 اگست (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی پڑوسی ریاست کرناٹک میں جاری بارش کا سلسلہ ختم ہونے کی وجہ سے دریائے گوداوری میں پانی کے بہاؤ میں کافی حد تک کمی ہوجانے کے نتیجہ میں عہدیداران ناگرجنا ساگر پراجکٹ نے جملہ 26 گیٹس کے منجملہ 12 گیٹس بند کردیئے اور اب صرف 14 گیٹس کے ذریعہ 2.16 لاکھ کیوزکس پانی کو دریائے کرشنا میں چھوڑا جارہا ہے جبکہ گذشتہ چند دنوں کے دوران ناگرجناساگر پراجکٹ کے جملہ 26 گیٹس کھول کر ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں پائے جانے والے فاضل پانی کو دریائے کرشنا میں چھوڑا جارہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی بھی ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں جملہ 4.60 لاکھ کیوزکس پانی کی آمد (انفلو) کا سلسلہ جاری ہے تاہم احتیاطی اقدامات کے تحت 2.55 لاکھ کیوزکس پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے۔ پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں پانی ذخیرہ کرنے کی جملہ گنجائش 312 ٹی ایم سی ہے جس کے منجملہ فی الوقت 303.94 ٹی ایم سی پانی کا ذخیرہ ناگرجنا ساگر پراجکٹ میں پایا جارہا ہے۔ اس طرح ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح آب 590 فیٹ ہونے کے منجملہ فی الوقت اس پراجکٹ میں سطح آب 586.70 فٹ پائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں دوسری طرف سری سیلم پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ میں کمی واقع ہونے کی وجہ سے سری سیلم پراجکٹ کے بھی 5 گیٹ بند کردیئے گئے۔ فی الوقت جاری پانی کے بہاؤ کی وجہ سے سری سیلم پراجکٹ میں 3.87 لاکھ کیوزکس پانی کی آمد کا (انفلو) سلسلہ جاری ہے جس کے منجملہ 2.47 لاکھ کیوزکس پانی دریائے کرشنا میں نچلی سطح کیلئے چھوڑ دیا جارہا ہے۔ سری سیلم پراجکٹ کی جملہ سطح 885 فیٹ ہونے کے منجملہ فی الوقت سری سیلم پراجکٹ کی جملہ سطح آب 883 فٹ پائی جاتی ہے۔
