داخلہ امتحانات، کوچنگ اور شخصیت سازی پر ماہرین کی رہنمائی
حیدرآباد 21 فبروری (سیاست نیوز) دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے بعد اکثر طلبہ اس بات پر الجھن کا شکار ہوجاتے ہیں کہ وہ آگے کونسا کورس اختیار کریں اور اپنے مستقبل کی سمت کا کس طرح تعین کریں۔ ایسے طلبہ کو بروقت اور درست رہنمائی فراہم کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے اہم قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے یونیسیف اور نرمان نامی این جی او کے تعاون سے کیریئر گائیڈنس کیلئے ٹول فری نمبر 18004252428 شروع کیا ۔ اس ہیلپ لائن کے ذریعہ طلبہ کو انٹرمیڈیٹ تک اعلیٰ تعلیم کے موقع، مختلف کورسیس کے انتخاب، داخلہ امتحانات اور مستقبل کے امکانات کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ یہ ٹول فری نمبر پیر سے ہفتہ تک صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک فعال رہے گا۔ سرکاری اسکولس کے طلبہ کو خصوصی طور پر اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ خاص طور پر KGBVs ۔ پی ایم شری اسکولس، تلنگانہ ماڈل اسکولس، ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ہیلپ لائن سے طلبہ کو یونیورسٹی داخلہ امتحانات کی تیاری، کوچنگ کے مواقع، شخصیت سازی، مہارتوں کو بہتر بنانے کے طریقوں اور مختلف اسکالرشپ اسکیمات کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر تعلیمی اور پیشہ ورانہ راستہ اختیار کرسکے۔ حکومت کا مقصد ہیکہ طلبہ کو بروقت رہنمائی فراہم کرکے ان کے کیریئر کے انتخاب کو آسان بنایا جائے اور انہیں بااعتماد انداز میں مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے کے قابل بنایا جائے۔2