حیدرآباد :۔ کورونا وائرس کے وبا کے باعث ریاست تلنگانہ میں اس سال دسویں کلاس کے امتحانات کے پرچے گذشتہ برسوں کے مقابل آسان ہوں گے ۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں ہوگا کہ طلبہ کا امتحان ناقص انداز میں لیا جائے گا ، بورڈ کے امتحان کے سوالات کے پرچے تمام مضامین کے اصل نصاب کے لحاظ سے بنائے جائیں گے ۔ یہ امتحانات 17 مئی سے منعقد ہونے والے ہیں ۔ انہیں سوالات کا ایک بڑا چوائس دیا جائے گا ۔ مثال کے طور پر ایک سوال میں دو حصے ہوں گے ۔ جس میں کسی ایک کا جواب دیا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ کمشنر اور ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن اے دیواسینا نے کہا کہ چونکہ اب امتحانات کے لیے زیادہ وقت نہیں بچا ہے اس لیے ڈپارٹمنٹ آف اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ٹیچرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ امتحانات سے قبل بنیادی نصاب کو بار بار پڑھایا جائے تاکہ طلبہ امتحانات میں کامیابی حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ’ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ بچے کافی نہیں سیکھیں گے ۔ ہم نے نصاب کا اس انداز میں انتخاب کیا کہ بچوں کو تمام مضامین کی بنیادی باتوں کو پڑھا جائے اور طلبہ میں تجسس بھی پیدا کیا جائے ۔ ہم نے ان طلبہ کے لیے جو اسکولس میں کلاسیس میں شرکت نہیں کرسکتے ہیں ۔ سیلف لرننگ میٹریل کو بھی دستیاب بنایا ہے ۔ آن لائن اور لائیو کلاسیس کے علاوہ ۔ دیواسینا نے مزید کہا کہ ’ ہم انہیں چاہتے ہیں کہ طلبہ امتحانات کے بارے میں فکر مند ہوں ۔ یہ اقدام صرف تعلیمی سال 2020-21 کے لیے ہے تاکہ طلبہ پر دباؤ کم کیا جائے ۔۔