دسویں کے امتحانات کیلئے سخت انتظامات

   

طلبہ خوف چھوڑ کر محنت سے کامیابی حاصل کریں، کلکٹر کا خطاب
میدک، 13 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اندر کے خوف کو مکمل طور پر ختم کرتے ہوئے ثابت قدمی اور نظم و ضبط کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور دسویں جماعت کے نتائج میں ضلع میدک کو اولین مقام پر پہنچاتے ہوئے ریاست بھر میں ضلع کا نام روشن کریں۔ جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ دسویں جماعت کے امتحانات 14 مارچ 2026 سے 16 اپریل 2026 تک ضلع کے 68 باقاعدہ امتحانی مراکز پر منعقد ہوں گے، جن میں مجموعی طور پر 11,247 ریگولر اور 100 پرائیویٹ امیدوار شریک ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانات کے سلسلے میں ضلع تعلیمی دفتر میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا نمبر 9848214166 ہے۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ امتحانات صبح 9.30 بجے سے دوپہر 12.30 یا 12.50 بجے تک منعقد ہوں گے اور طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امتحان سے ایک دن قبل اپنے متعلقہ امتحانی مرکز کا دورہ کریں تاکہ امتحان کے دن کسی بھی قسم کی تاخیر یا دشواری سے بچا جا سکے، نیز طلبہ ہر روز امتحانی مرکز پر کم از کم آدھا گھنٹہ پہلے پہنچیں۔ انہوں نے بتایا کہ امتحان دینے والے طلبہ کے لیے سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے لیے طلبہ کو اپنا ہال ٹکٹ بس کنڈکٹر کو دکھانا ہوگا، جبکہ جو طلبہ اسکول سے ہال ٹکٹ حاصل نہ کرسکیں وہ سرکاری ویب سائٹ BSE Telangana official website سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔