چار دن میں شراب کی فروخت سے سرکاری خزانے کو 812.24 کروڑ کی آمدنی
حیدرآباد :۔ دسہرہ تہوار کے موقع پر شراب کی فروخت عروج پر پہونچ گئی ۔ صرف 4 دن میں سرکاری خزانے میں 812.24 کروڑ روپئے جمع ہوئے ہیں ۔ کورونا بحران اور لاک ڈاؤن کے باعث حکومت کی آمدنی بری طرح متاثر ہوئی تھی تاہم شراب کی فروخت کا آغاز ہونے کے بعد دوسرے شعبوں کے بہ نسبت محکمہ آبکاری حکومت کو زیادہ فائدہ پہونچا رہا ہے ۔ جاریہ ماہ 27 اکٹوبر تک حکومت کو شراب کے فروخت سے 2,218.65 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی ۔ 31 اکٹوبر تک یہ آمدنی 2,500 کروڑ ہونے کا محکمہ اکسائز کے عہدیدار اندازہ لگا رہے ہیں ۔ ریاست میں کورونا کا خوف ہے ۔ باوجود اس کے شراب کی فروخت میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ ریاست بھر میں 2,216 شراب کی دوکانیں ہیں ۔ 1000 سے زائد بارس ، کلبس اور ٹورازم کی ہوٹلیں ہیں ۔ 25 اکٹوبر کو دسہرہ تہوار منایا گیا ۔ مگر 22 اکٹوبر سے شراب کی فروخت کا آغاز ہوگیا ۔ شراب کی دوکانداروں کی جانب سے عام دنوں میں بیوریجس کارپوریشن سے یومیہ 80 تا 90 کروڑ روپئے کی شراب حاصل کرتے ہیں تاہم 22 اکٹوبر کو 305.96 کروڑ روپئے کی شراب ، بیر وغیرہ حاصل کی ہے ۔ عام طور پر حکومت کو ہر مہینہ شراب کی فروخت سے 2,200 تا 2,300 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوتی ہے ۔ تاہم 27 اکٹوبر تک 2,200 کروڑ روپئے آمدنی کا جو نشانہ تھا وہ عبور ہوگیا ۔ شراب کی بڑھتی ہوئی آمدنی سے حکومت کو بہت بڑی راحت حاصل ہوئی ہے ۔۔