دسہرہ تہوار کیلئے ٹی ایس آر ٹی سی کی خصوصی بسیں

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ٹی ایس آر ٹی سی ) کی جانب سے دسہرہ تہوار کے پیش نظر حیدرآباد سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع کے لیے 4000 خصوصی بسیں چلائی جائیں گی ۔ کارپوریشن کے عہدیداروں نے مسافرین کو مشورہ دیا کہ آخری وقت کے ہجوم سے بچنے کے لیے وہ ٹکٹس ایڈوانس خرید لیں ۔ انہوں نے مسافرین سے کہا کہ وہ ویب سائیٹ tsrtconline.in سے ٹکٹس خریدیں ۔ بسوں سے متعلق معلومات یا انکوائری کے لیے کال کریں 8330933537 ( ایم جی بی ایس ) ، 040-27802203 ( جے بی ایس ) ، 040-23747297 ( دلسکھ نگر ) ، یا 9949958578 ( امیر پیٹ ) ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ گذشتہ سال ایک تنازعہ کے باعث تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان کوئی خصوصی بسیں نہیں چلائی گئی تھیں لیکن ٹی ایس آر ٹی سی نے اس سال ان سروسیس کو دوبارہ شروع کیا ہے ۔ یہ بسیں مہاتما گاندھی بس اسٹیشن ، جوبلی بس اسٹیشن ، کوکٹ پلی ، دلسکھ نگر ، امیر پیٹ ای سی آئی ایل ، اپل کراس روڈس اور ایل بی نگر سے مختلف مقامات کے لیے چلائی جائیں گی ۔ یہ بسیس 8 تا 14 اکٹوبر چلائی جائیں گی ۔ تلنگانہ سے 950 بسوں کو چلانے کا منصوبہ ہے کیوں کہ آندھرا پردیش کے لوگوں کی بڑی تعداد شہر میں رہتی ہے ۔ اسی طرح آندھرا پردیش سے اتنی ہی تعداد میں بسوں کو چلائے جانے کا امکان ہے ۔ ۔